پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس، صوبائی و ضلعی عہدیداران کی شرکت
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، نظام بدلو کنونشنز، عوامی رابطہ مہم اور تنظیم سازی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی
پاکستان عوامی تحریک ملک میں عوام دشمن نظام کی تبدیلی کا مستقل ذریعہ بن چکی ہے: راجہ زاہد محمود
پنجاب کے تمام اضلاع و تحصیلوں میں یونین کونسل تنظیموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا: میاں ریحان مقبول
پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی: صدر سینٹرل پنجاب پی اے ٹی
لاہور (3 دسمبر 2021) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود اور صدر سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کی۔ اجلاس میں پارٹی امور سمیت آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شمولیت، نظام بدلو کنونشنز، عوامی رابطہ مہم اور پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے ضلعی و صوبائی عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور پاکستان عوامی تحریک کاپیغام پنجاب کے ہر گھر تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار مضبوط امیدوار سامنے لائیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے اچھے کردار کے حامل، عوامی مقبولیت والے امیدوار سامنے لائیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب کے ہوتے ہوئے ملک میں مثبت تبدیلی کبھی نہیں آسکتی۔ اس عوام دشمن نظام کے ہوتے ہوئے غریب کسان یا مزدور کے پڑھے لکھے بچے پارلیمنٹ کے ممبرز کبھی نہیں بن سکتے۔ سیاسی نظام کو کرپشن سے پاک کرنے کی جنگ لڑتے رہیں گے اور نظام کو بدلیں گے۔ ملک کا سب سے بڑا دشمن موجودہ کرپٹ نظام ہے جسے بدلنا ہوگا۔ پنجاب کے تمام اضلاع و تحصیلوں میں یونین کونسل تنظیموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کو ایک متحریک سیاسی جماعت بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں آئین و قانون اور عدل و انصاف کی بالا دستی چاہتی ہے۔ کرپٹ عناصر و ملک لوٹنے والوں کا آئین و قانون کے مطابق کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ آئین کے مطابق انتخابی اصلاحات ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج اقتدار میں بیٹھے حکمران پاکستان عوامی تحریک کے مقروض ہیں۔ غریب عوام مہنگائی و بیروزگاری سے تنگ ہیں عوام کا استحصال ہو رہا ہے۔ اس فرسودہ نظام کا حصہ بن کر کبھی تبدیلی و خوشحالی نہیں لائی جاسکتی۔ پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی و حقیقی جمہوریت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں عوام دشمن نظام کی تبدیلی کا مستقل ذریعہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عوامی رابطہ مہم و تنظیم سازی مہم میں بھی تیزی لائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کے لیے سب سے مضبوط آواز ہے۔ نظام کی تبدیلی کے لیے ہر حکمت عملی اور سیاسی ٹول اپنائیں گے۔
اجلاس میں عارف چوہدری، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، میاں کاشف، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بدیع الزمان بھٹی ایڈووکیٹ، ہیڈ سوشل میڈیا پاکستان آصف علی گجر، سیکرٹری اطلاعات سنٹرل پنجاب پروفیسر اختر ملک، سینئر نائب صدر میاں محمد رضا، سیکرٹری فنانس عبدالکریم کمیانہ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ