سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برادران کا اصل چہرہ ہے: خرم نواز گنڈاپور
آرٹیکل 10 اے کا حوالہ دینے والوں نے اپنے دور میں ایف آئی آر کا حق بھی چھین لیا تھا
اشرافیہ نے قائداعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
عدلیہ 17 جون کو شہید کر دئیے جانے والے شہریوں کے ورثاء کو انصاف دے
لاہور (25 نومبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برادران کااصل چہرہ اور تعارف ہے۔ آرٹیکل 10 اے کا حولہ دینے والوں نے اپنے دور حکومت میں مظلوموں سے ایف آئی آر کے اندراج کا حق بھی چھین لیا تھا۔ سازش کس کو کہتے ہیں اور اپنے مفاد کے لئے معصوموں کی جان کیسے لی جاتی ہے اور پھر طاقت، پیسے اور غنڈہ گردی کے ذریعے انصاف کا گلا کیسے گھونٹا جاتا ہے یہ سارے حقائق سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش سے سامنے آئیں گے۔ شریف برادران نے ایک یا دو بار نہیں انہیں جب بھی موقع ملا انہوں نے فوج، عدلیہ، پولیس سمیت ہر ادارے کو اپنے مفادات کی خاطر ٹارگٹ کیا اور ان اداروں کی خاک اڑائی۔ اسی شریف خاندان نے پاکستان میں آئینی اداروں اور جمہوری اقدار کو مضبوط نہیں ہونے دیا اور یہ جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرونی دنیا میں محلات تعمیر کئے اور ترقیاتی فنڈز کے ذریعے ہزاروں، لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو کرپٹ کیا اور انہیں کمیشن خوری پر لگایا۔ اس خاندان نے قائداعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا۔ معزز ججز نے ان کے بارے میں درست لکھا یہ سیسیلین مافیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف خاندان پاکستان کے لئے زہر قاتل ہے۔ ان کے ساتھ اب کوئی رعایت کی گئی تو یہ بچہ کھچہ بھی برباد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی آئین و قانون کے مطابق فیئر تفتیش ہو جائے تو نواز شریف اور شہباز شریف کو تختہ دار پر جھولنے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔ یہ قومی خزانے کے چور ہی نہیں بے گناہ شہریوں کے قاتل بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ 17 جون کو قتل کر دیئے جانے والے شہریوں کے ورثاء کو انصاف دے۔
تبصرہ