ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے: میاں ریحان مقبول
ایک طرف تو ڈینگی دوسری جانب ادویات کی عدم دستیابی کا عذاب
جھیلنا پڑ رہا ہے
بروقت سپرے ہوجاتا توشہریوں کی بڑی تعداد ڈینگی سے بچ جاتی: صدرسینٹرل پنجاب
لاہور (12 نومبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے۔پنجاب میں ڈینگی بخار پھیلنے کے بعد مطلوبہ ادویات مارکیٹ میں سے غائب ہوگئی ہیں۔ڈینگی بخار کی ادویات بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈینگی کورونا وائرس کی طرح کوئی اجنبی وائرئل بیماری نہیں تھی یہ حملہ اور تجربہ پہلے ہوچکا ہے بروقت سپرے ہوجاتا تو ایک بڑی تعداد متاثر ہونے سے بچ جاتی۔ المیہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی وبا حملہ آور ہوتی ہے ادویات کی قیمتیں بڑھنا شروع ہوجاتی ہیں۔ یہی صورتحال کورونا وباکے دوران بھی پیدا ہوئی اور اب بخار کم کرنے والی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے نوٹس ضرور لیا ان کا اقدام بجا ہے، لیکن انہیں صرف ہدایات پر اکتفاکرنے کی بجائے خود نگرانی کرنی ہوگی۔ منافع خوروں اور جو اہلکاراس حوالے سے غفلت کے مرتکب ہورہے ہیں ان کے خلاف کاروائی بھی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو ڈینگی تباہی پھیلا رہا ہے تو دوسری جانب مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی کا عذاب جھیلنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اور اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کا رش برقرار ہے اور ایک ایک بیٹ پر دو دو مریضوں کاعلاج کیا جارہا ہے۔
تبصرہ