مہنگائی کی رفتار ڈالر کے مہنگے ہونے سے کئی گنا زیادہ ہے: خرم نواز گنڈاپور
سٹیشنری اور درسی کتب کے مہنگے ہونے سے والدین اور طلبہ بہت
پریشان ہیں
حکومت تعلیم کو عام کرنا چاہتی ہے تو درسی کتب پر سبسڈی دے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (27 اکتوبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سٹیشنری اور درسی کتب میں 100 فیصد اضافہ پر والدین اور طلبہ بے حد پریشان ہیں۔ دوکاندار اور پرنٹنگ پریس والے مہنگائی کی آڑ لے کر من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ والدین بچوں کی کتب خریدنے کی سکت نہیں رکھتے جبکہ 6 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہر ایشو پر سیاست چمکاتی ہیں مگر حقیقی مسائل پر بات نہیں کی جاتی۔
تعلیم اور تعلیمی ضروریات کے مسئلہ پر اسمبلیوں میں بحث ہونی چاہیے اور جہاں تک ممکن ہو سکے سٹیشنری اور درسی کتب کو سستا کرنے کے لیے سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے کاغذ اور سٹیشنری بھی مہنگے ہورہے ہیں مگر جس رفتار سے ڈالر مہنگا ہو رہا ہے پاکستان میں مہنگائی کی رفتار اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔ وزیراعظم سٹیشنری اور درسی کتب کے مہنگے ہونے کا فی الفور نوٹس لیں۔ کھانے پینے کی اشیاء مہنگی کرنے کے بعد تعلیم کو مہنگا کیا جارہا ہے اس کے منفی اثرات نسلوں پر پڑیں گے۔ تعلیم مہنگی ہونے سے والدین اپنے بچوں کو سکول کی بجائے ورکشاپوں پر بھیجنے پر مجبور ہونگے پہلے ہی اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے۔
تبصرہ