عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کااجلاس، عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ
سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع میں عوامی ڈیرے اور دفاتر قائم کئے جائیں گے
عوام دشمن نظام کے ہوتے ہوئے ملک میں تبدیلی ناممکن ہے: میاں ریحان مقبول
پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کیلئے سب سے مضبوط آواز ہے: صدر سنٹرل پنجاب
کرامت علی ملک، عبد الکریم کمیانہ سمیت صوبائی، ضلعی عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی
لاہور (25 اکتوبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس صوبائی صدر میاں ریحان مقبول کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب نے عوامی رابطہ مہم و تنظیم سازی مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا۔ ساہیوال میں منعقد ہونیوالے اجلاس میں جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب کرامت علی ملک، سیکرٹری فنانس عبد الکریم کمیانہ سمیت صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع و تحصیلوں میں یونین کونسل تنظیمات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا، سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع میں عوامی ڈیرے اور دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک کو سنٹرل پنجاب میں ایک متحرک سیاسی جماعت بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔
صدر سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس عوام دشمن نظام کے ہوتے ہوئے ملک میں تبدیلی نا ممکن ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کیلئے سب سے مضبوط آواز ہے۔ تبدیلی نے مہنگائی کا طوفان برپا کر کے غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل کر دیا ہے۔ قوم کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے، موجودہ نظام کے ہوتے ہوئے اس ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اہم سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات پاکستان عوامی تحریک کے منشور کو سراہتے ہوئے ہمارے ساتھ شامل ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور پاکستان عوامی تحریک کا پیغام سنٹرل پنجاب کے ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچانے کیلئے محنت کریں۔ پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کیلئے ہر حکمت عملی اور سیاسی ٹول اپنائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کو ملک کی بڑی سیاسی جماعت بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔
تبصرہ