عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کے ملزمان گرفتار کئے جائیں
ڈاکوؤں نے گاڑی چھیننے کے بعد ملک کرامت ک یرغمال بنائے رکھا: خرم نواز گنڈاپور
تین دن گزرنے کے باوجود اب تک ڈکیتی کی واردات کا سراغ نہیں لگایا جا سکا
عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (4 اکتوبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے تین روز گزر گئے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک کرامت کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی واردات کا کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا۔ خرم نواز گنڈاپور نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور ریکوری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس قسم کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اور عملی اقدامات کئے جائیں۔ جرائم پیشہ عناصر کی وارداتوں سے کوئی بھی محفوظ نہیں۔ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ چوری، ڈکیتی، قتل اور اغواء کے واقعات کا رونما ہونا معمول بن چکا ہے جس سے عوام میں عدم تحفظ و بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر کی تشویشناک صورتحال کی وجہ سے ڈاکو دن دیہاڑے واردات کر کے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو جاتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک کرامت تنظیمی اجلاس کے بعد واپس آرہے تھے کہ ڈاکوؤں نے تاندلیانوالہ میں گاڑی چھیننے کے بعد ملک کرامت کو 8گھنٹے تک یرغمال بھی بنائے رکھا۔ تین دن گزرنے کے باوجود اب تک ڈکیتی کی واردات کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ چوری، ڈکیتی، قتل، اغواء کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ لوگوں کو جان و مال کا تحفظ حاصل نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے۔ ڈکیتی کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
تبصرہ