سیریز کے التواء پر نیوزی لینڈ کی طرف سے ازالہ کی بات خوش آئند ہے: خرم نواز گنڈاپور
پی سی بی کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں کیویز کا بائیکاٹ نہ کرنے کا اعلان ذمہ دارانہ ہے
جو ہونا تھا ہو گیا اب اعتماد کی بحالی کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (21 ستمبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ ذمہ دارانہ ہے۔ جو ہونا تھا سو ہو گیا اب معاملے کو حل کرنے کے لیے دونوں طرف سے اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ سیریز کے التواء کے ناخوشگوار واقعہ پر نیوزی لینڈ کی طرف سے ازالہ کی بات کی گئی ہے جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی کرکٹ گزشتہ ایک عشرہ سے بین الاقوامی سازشوں کا بری طرح شکار چلی آرہی ہے۔ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ دشمن پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی نہیں چاہتے اور وہ چاہتے ہیں کہ سیریز کے التواء کا حالیہ معاملہ بین الاقوامی تنازع کی شکل اختیار کر لے۔ پاکستان کو ایسے شرپسندوں پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ سیریز کے التواء کے معاملے پر پاکستان کی اخلاقی اور قانونی پوزیشن بہت بہترہے اس لئے کسی جذباتی ردعمل کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ کھیل کو سیاست سے بالاتررہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت اور متعلقہ حکام کے بیانات میں فکر مندی نظر آتی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بھی سیزیز ملتوی کرنے کے فیصلے پر خوش نہیں ہیں تاہم سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعے ایسے معاملات سے بچنے کے لئے بات چیت کی جانی چاہیے۔
تبصرہ