عمران خان نے بہت مایوس کیا: صدر عوامی تحریک پنجاب
بجلی کے بلوں پر 35 فیصد ایڈوانس ٹیکس
اور گیس کے نرخوں میں 43 فیصد اضافہ ظلم ہے
حکومت کی معاشی ٹیم سے صرف اتنا کہیں گے خدا کا خوف کریں: میاں ریحان مقبول
غریب کو مشکل وقت گزرنے کا مسلسل لالی پاپ دیا جارہا ہے:
بیان
بجلی گیس کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو چولہا ٹھنڈا اور انڈسٹری کا شٹر ڈاؤن ہو جائے گا
لاہور (20 ستمبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے نومنتخب صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ عمران خان نے بہت مایوس کیا ہے۔ غریب کو مشکل وقت گزرنے کا مسلسل لالی پاپ دیا جارہا ہے۔ بجلی بلوں پر 35 فیصد ایڈوانس ٹیکس کے فیصلے کے بعد حکومت نے گیس کے نرخوں میں 37 سے 43 فیصد اضافہ کر کے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے اور خوشحالی کا ایک اور ”سنگ میل“ عبور کرنے کاپلان بنایا ہے جو ظلم اور بے رحمی کی انتہا ہے۔
غریب عوام کی کمر پر ٹیکسوں کا بھاری بوجھ ڈال کر ہی ملک چلانا ہے تو پھر کسی منتخب وزیراعظم، پارلیمنٹ یا اسمبلیوں کی ہر گز ضرورت نہیں، معاشی استحکام کا یہ فریضہ ایف بی آریا فنانس ڈیپارٹمنٹ کا کوئی سیکشن افسر بھی انجام دے سکتا ہے۔ وزیراعظم اور ان کی معاشی ماہرین کی ٹیم سے صرف اتنی درخواست ہے کہ اب خدا کا خوف کریں۔ غریب عوام اور سمال انڈسٹری پر بجلی، گیس، پٹرول بم گرا کر انہیں مزید برباد نہ کریں۔ عوام کو بہلایا جاتا رہا کہ پہلے تین سال مشکل تھے اب ریلیف اور ثمرات ملیں گے، کہاں ہے وہ ریلیف اور ثمرات؟۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ لٹیروں سے لوٹی گئی قومی دولت ریکور کر کے خزانے کا پیٹ بھریں گے اور ملکی قرضے اتاریں گے مگر لٹیرے اپنے محلات میں موج مستیاں کررہے ہیں جبکہ غریب عوام سسک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ایڈوانس ٹیکس اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کی بجائے ٹیکس چوروں اور بجلی،گیس چوری کرنے والوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔ اگر بجلی گیس پٹرول اسی طرح مہنگے ہوتے رہے تو غریب کا چولہا ٹھنڈا اور انڈسٹری کا شٹر ڈاؤن ہو جائے گا۔
تبصرہ