ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداروں کو مبارکباد
عوامی تحریک کے انتخابات مکمل، قاضی زاہد حسین صدر، خرم نواز گنڈاپور سیکرٹری جنرل منتخب
بہت جلد ایک بار پھر عوام کہیں گے ڈاکٹر طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے: قاضی زاہد حسین
حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسروں کو عہدوں سے ہٹائے: خرم نواز گنڈاپور کا خطاب
لاہور (19 ستمبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے انٹراپارٹی الیکشن مکمل ہو گئے۔ قاضی زاہد حسین مرکزی صدر اور خرم نواز گنڈاپور پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں۔ انٹراپارٹی الیکشن کمیشن کے سربراہ رانا فیاض احمد نے سیکرٹری الیکشن کمیشن علامہ رانا غلام مرتضیٰ علوی سمیت دیگر ممبران جواد حامد، شہزاد رسول، حفیظ الرحمن، مشتاق احمد کے ہمراہ منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا۔
کامیاب امیدواروں میں پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان اسد مقبول شاہد اور جنرل سیکرٹری کیلئے کرامت علی منتخب ہوئے۔ شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق الرحمن اور جنرل سیکرٹری سردار محمد صابر خان منتخب ہوئے۔ عوامی تحریک ہزارہ کے صدر نصیر خان جدون اور جنرل سیکرٹری کامران سہیل ایڈووکیٹ منتخب ہوئے۔
پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخوا کے صدر عثمان علی اور جنرل سیکرٹری پیر منیب احمد منتخب ہوئے۔ پاکستان عوامی تحریک اندرون سندھ کیلئے صدر پرویز حسین اور جنرل سیکرٹری کیلئے عبدالغفور بھٹی منتخب قرار پائے۔ صدر کراچی کیلئے قیصر اقبال قادری اور جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لئے راؤ کامران کامیاب ہوئے۔
پاکستان عوامی تحریک بلوچستان کے صدر کیلئے محمد اسماعیل اور جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئےء میر میکائیل نذر سنجرانی منتخب ہوئے، پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر کیلئے نور احمد سہو کامیاب ہوئے جب کہ جنرل سیکرٹری کے لیے دوبارہ پولنگ ہو گی۔
اسلام آباد کے صدر ابرار حسین رضا ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری راجہ منیراور صدر عوامی تحریک لاہور کے لئے ڈاکٹر سلطان محمود چودھری اور جنرل سیکرٹری کیلئے گلزار حسن شاہ کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔
سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور جملہ صوبائی صدور، جنرل سیکرٹریز لاہور، کراچی، اسلام آباد کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔
نومنتخب مرکزی و صوبائی عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک روایتی نہیں نظریاتی جماعت ہے۔ ملک کو تباہ و برباد کرنے والی جماعتوں کا قوم بائیکاٹ کرے۔ خوشحالی کے نام پر بدحالی پھیلائی گئی۔ ایک وقت آئے گا قوم پھر کہے گی ڈاکٹر طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے۔ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو آئین فہمی،بنیادی حقوق اور جامع اصلاحات کی سوچ دی۔ سیاست کو انسانی خدمت اور عبادت سمجھتے ہیں۔ ہماری سیاست پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی جمہوری، فلاحی ملک بنانے کے لئے ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تبدیلی مذہب کے مسودہ قانون کو یکطرفہ طور پر منظور مت کرے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسروں کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔ مصنوعی مہنگائی کنٹرول کی جائے۔ بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں۔ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنایا جائے۔ واٹر مینجمنٹ کی جائے اور سمال ڈیمز تعمیر کئے جائیں۔ کسانوں کو سستے بیج، ڈیزل، بجلی، کھادیں دی جائیں۔ گیس، ڈیزل، تھرمل کی بجائے ہائیڈرو، ونڈ، سولر انرجی پر انحصار بڑھایا جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔
تبصرہ