سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مزید سماعت 29 ستمبر کو ہوگی: نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ
غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تفتیش سے ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس ٹریک پر آئے گا: لیگل ترجمان سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس
لاہور (16 ستمبر 2021) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے لیگل ترجمان نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس کی مسلسل تین روز سماعت کی۔ ملزم خرم رفیق کے وکلاء نے عدالت سے بار بار درخواست کی کہ کیس پر نئی تاریخ دے دی جائے۔ انہوں نے عذر پیش کیا کہ وہ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں جبکہ ہمارے وکلاء کیس کی تسلسل کے ساتھ سماعت کے حامی ہیں کیونکہ پہلے ہی بڑی تاخیر ہوچکی ہے۔ لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کے لیے 29 ستمبر کی تاریخ دی ہے۔ نعیم الدین چوہدری نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ لارجر بنچ کیس کا فیصلہ میرٹ پر سنائے گا۔ اور اس کیس کو مزید التوء کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تفتیش سے ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس ٹریک پر آئے گا۔ ہم انصاف کے لیے پر امید ہیں۔
تبصرہ