ہمارے معصوم کارکنوں کے قاتل شریف برادران ہیں: رہنما عوامی تحریک
اشرافیہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی غیر جانبدار تفتیش رکوانے کیلئے پانی کی طرح پیسہ بہایا
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کے انصاف کیلئے جدوجہد کا حق ادا کیا: میاں ریحان مقبول
لاہور (15 ستمبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنما سنٹرل کور کمیٹی کے ممبر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ہمارے معصوم کارکنوں کے قاتل شریف برادران ہیں، نواز شہباز نے اپنا قتدار بچانے کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی۔ اشرافیہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی غیر جانبدار تفتیش رکوانے کیلئے پانی کی طرح پیسہ بہایا لیکن مظلوموں کا خون سر چڑھ کر بولے گا اور قاتل جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
انہوں نے فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور کے تنظیمی عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے شہید کارکنوں کے انصاف کی جنگ لڑنے کا حق ادا کر دیا۔ آج اگر لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بنچ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کر رہا ہے تو اس کے پیچھے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قانونی چارہ جوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا کیس ہے جس میں کسی جماعت کے کارکنوں کے انصاف کیلئے پاکستان کے چوٹی کے وکلاء کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت ہو، لاہور ہائیکورٹ ہو، سپریم کورٹ ہو یا کوئی لیگل فورم عوامی تحریک کی طرف سے نامور وکلاء پیش ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کے انصاف کا مقدمہ لڑ کر ثابت کیا یہ کارکن نہیں ان کے بیٹے اور بیٹیاں تھیں۔ 7 سال سے کوئی ایک دن ایسا نہیں گزرا جس میں کارکنوں کے انصاف کیلئے جدوجہد نہ کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ قاتل برادران ابھی مزید رسوا ہوں گے اور پاکستان ان کے ناپاک وجود سے ضرور پاک ہو گا۔
تبصرہ