سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس، لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کی مسلسل دوسرے روز سماعت
لارجر بینچ پروفیشنل انداز میں کیس سن رہا ہے: نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ لیگل ترجمان
کیس کی سماعت اسی طرح جاری رہی تو جلد فیصلہ ہو جائے گا: لیگل ترجمان
ایک ملزم کانسٹیبل کے پاس مہنگا وکیل کرنے کے پیسے کہاں سے آئے؟ خرم نواز گنڈاپور کا سوال
لاہور (15 ستمبر 2021ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے لیگل ترجمان نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ اڑھائی سال سے التواء کا شکار سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس کی بڑے پروفیشنل انداز سے سماعت کر رہا ہے۔ اور دوسرے روز لارجر بینچ نے ملزم کے وکلا سے اہم قانونی سوالات کئے جن کے وہ جواب نہیں دے سکے، انھوں نے کہا کہ اگر اسی طرح سماعت جاری رہی تو کیس کا فیصلہ جلد ہو جائے گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے جے آئی ٹی کی بحالی ضروری ہے۔
نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزم کے وکلاء کی کوشش تھی کہ نئی لمبی تاریخ مل جائے کیونکہ شریف برادران کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب انہیں مرضی کا ریلیف ملتا نظر نہیں آتا تو وہ تاخیری ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ لارجر بینچ کے سربراہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے تاریخ نہیں دی، اور اس کیس کو سننے میں زیادہ دلچسپی لی اور 16ستمبر کو مسلسل تیسرے روز کیس کی سماعت ہو گی۔
نعیم الدین چودھر ی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی طرف سے عدالت میں بیرسٹر علی ظفر ایڈووکیٹ، ڈاکٹر خالدرانجھا ایڈووکیٹ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ، لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، انوار اختر ایڈووکیٹ، محبوب حسین چودھری ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے مدعی جواد حامد بھی موجود تھے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ ایک ملزم کانسٹیبل کے پاس مہنگے ترین وکیل کو فیس دینے کے پیسے کہاں سے آئے؟ اس ملزم کانسٹیبل کے پیچھے شریف برادران کا پیسہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس کے فیصلے سے عدلیہ کا امیج اور مظلوموں کا اعتماد بحال ہو گا۔ہم انصاف کے لئے منتظر بھی ہیں اور پرامید بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کیس کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ لے رہے ہیں۔ شہید کارکنوں کے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکوا کر دم لیں گے۔
تبصرہ