عوامی تاجر اتحاد کا ایپکا انتخابات میں لاہور بزنس مین فرنٹ کی حمایت کا اعلان
تاجروں کے حقوق کی بالادستی و مسائل کا حل ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے، امجد چوہدری
تاجر برادری معاشی ترقی کیلئے اہم ترین حیثیت کی حامل ہے: حاجی محمد اسحق
ملاقات میں الطاف حسین رندھاوا، راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، آغا افتخار، ساجد میر و دیگر بھی شامل تھے
لاہور (13 ستمبر 2021) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے رہنماؤں نے چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد چوہدری سے ملاقات کی۔ عوامی تاجر اتحاد نے 22 ستمبر کو ہونے والے آل پاکستان کسٹم کلیرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے انتخابات میں لاہور بزنس مین فرنٹ (گروپ) کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ عوامی تاجر اتحاد کے وفد میں مرکزی چیئرمین حاجی محمد اسحق، مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، نوید بٹ، رضوان علی ایڈووکیٹ، چوہدری زونیر شامل تھے جبکہ اس موقع پر لاہور بزنس مین فرنٹ کے رہنما آغا افتخار، مسعود عالم بٹ، ساجد میر و دیگر بھی موجود تھے۔ دونوں تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے تاجر برادری و صنعتکاروں کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد چوہدری نے حمایت کے اعلان پر عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے حقوق کی بالادستی و مسائل کا حل ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔ لاہور بزنس مین فرنٹ کی تاریخ ہے کہ ہمیشہ تاجروں کی آواز بنا اور درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ بلند و بانگ دعوؤں کی بجائے تاجروں کی عملی خدمت ہی ہماری سیاست کا محور و مرکز ہے، ان شاء اللہ اس بے لوث خدمت کے سفر کو اسی جذبے کے ساتھ جاری و ساری رکھیں گے۔
چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کہا کہ تاجر برادری ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ، ملکی معاشی ترقی کیلئے اہم ترین حیثیت کی حامل ہے۔
الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ہے، سچائی کی راہ میں آنے والی ہر مشکل کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
سیکرٹری جنرل راشد چوہدری نے کہا کہ تاجر برادری کی خدمت ایمان داری سے کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ آل پاکستان کسٹم کلیرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے انتخابات میں لاہور بزنس مین فرنٹ (گروپ) کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔
تبصرہ