شہید تنویر احمد قریشی کی پہلی برسی پر خصوصی تقریب
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما شہید تنویر احمد قریشی کی پہلی برسی کے موقع پر خصوصی تقریب 23مارچ کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین الرحمان درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، جی ایم ملک، اور شہید تنویر احمد قریشی کے بھائی نوید احمد قریشی، دیگر قائدین اور ملک بھر سے تحریک کے کارکنان بھی یہاں موجود تھے۔ تقریب کا آغاز شام 7 بجے ہوا۔ اس سے قبل نماز عصر کے بعد مرکزی جامع مسجد منہاج القرآن میں شہید تنویر احمد قریشی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ مرکزی سیکرٹریٹ کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ کالج آف شریعہ کے حیدری برادران نے نعت شریف پڑھی۔ اسکے بعد منہاج نعت کونسل کے اراکین نے بھی بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مدح سرائی کی۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب تحریک کے عظیم رہنما شہید تنویر احمد قریشی کی یاد میں جمع ہیں۔ ضیافت میلاد کی اس تقریب کو خصوصی طور پر شہید تنویر احمد قریشی کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ وہ ایک بہادر، نڈر شخصیت اور تحریک کے مجاہد تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے لئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ناظم اعلیٰ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اظہار خیال کی دعوت دی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ شہید تنویر احمد قریشی تحریک کے جواں ہمت رہنما تھے۔ انہوں نے خود کو ہمیشہ تحریک کے لئے وقف کر رکھا تھا۔ آج پہلی برسی کے موقع پر ہم سب انکے بلند درجات اور مغفرت کے لئے دعا گو ہیں۔ اللہ انکے قاتلوں کو عبرتناک تک پہنچائے۔ آخر میں شیخ الاسلام نے شہید تنویر کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی۔ اس سے قبل منہاج نعت کونسل نے درود و سلام بھی پیش کیا۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام ضیافت میلاد سے ہوا۔
تبصرہ