فیئر اینڈ فری انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے: عوامی تحریک
فرسودہ نظام اب اداروں کے مابین تصادم کا باعث بن رہا ہے: بشارت
جسپال
ملک بچانے کیلئے نظام بدلنا ہوگا : راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری
لاہور (11 ستمبر 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود اور عارف چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر پر سنگین الزامات کے بعد ملک میں فیئر اینڈ فری انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ حکومت اور آئینی ادارے الیکشن کمیشن کا ایک دوسرے کے مقابل کھڑا ہونا نیک شگون نہیں ہے۔ فیئر اینڈ فری انتخابات کیلئے آئینی اداروں کا یک سو ہونا ضروری ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ ملک بچانے کیلئے نظام بدلنا ہوگا، اصل مسئلہ اس فرسودہ نظام کا ہے اس نظام کے ہاتھوں پہلے عوام بے حال تھے اب ملک تباہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نظام بحران میں رہنمائی کرتے ہیں مگر یہ نظام بحرانوں کا سبب بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست کے تمام ادارے بد اعتمادی کا شکار ہیں۔ اس نظام کو تبدیل کرنے میں جتنی تاخیر ہوگی نقصان اتنا زیادہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی سر پیر نہیں ہے یہی اپوزیشن کہہ رہی تھی کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی اور موجودہ حکومت کا مینڈیٹ اصلی نہیں اب وہی اپوزیشن الیکشن کمیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کر رہی ہے۔ یہ اپوزیشن پاکستان کی غیر موثر اور غیر معتبر اپوزیشن ہے جس کی قیادت کرپشن کیسز میں زیر ٹرائل ہو اس سے ملک و قوم کے حقیقی مسائل کی ترجمانی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
تبصرہ