جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ الگ صوبہ کا متبادل نہیں ہو سکتا: رہنما عوامی تحریک
سیکرٹریٹ بننے کے باوجود پالیسیاں تخت لاہور کی ہی چلیں گی: نور احمد سہو
کیاجنوبی پنجاب کو این ایف سی فارمولا کے مطابق مالیاتی شیئر بھی ملے گا؟
الگ صوبہ بنائے جانے والی قرارداد پر عمل کیا جائے: راجہ زاہد، راؤ عارف
لاہور (یکم ستمبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماؤں نوراحمد سہو، راجہ زاہد اور راؤ محمد عارف رضوی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ الگ صوبے کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ سیکرٹریٹ بننے کے باوجود پالیسیاں تخت لاہور کی ہی چلیں گی۔ جنوبی پنجاب کے عوام پہلے 5سو کلومیٹر کا سفر کر کے لاہور میں سرکاری بابوؤں کی تذلیل کا نشانہ بنتے تھے اب گھر کی دہلیز پر نشانہ بنیں گے۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو بجٹ بنانے کا اختیار تو دیا گیا مگر یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ این ایف سی فارمولا کے تحت جو مالیاتی شیئر پنجاب کو ملتا ہے پی ایف سی فارمولا کے تحت وہی شیئر جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کو بھی ملے گا؟
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے چیف سیکرٹری کے پسند نہ آنے والے فیصلے اراکین اسمبلی ایوان وزیراعلیٰ میں چیلنج کریں گے اور اہم فیصلے جنوبی پنجاب اور تخت لاہور کے درمیان پنڈولیم کی طرح لہراتے نظر آئیں گے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی نے جنوبی پنجاب میں الگ سیکرٹریٹ بنانے کی نہیں الگ صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کررکھی ہے لہٰذا جنوبی پنجاب کو الگ صوبے بنانے کے لئے فیصلے کئے جائیں۔
تبصرہ