سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف مانگنے پر 30 اگست 2014ء کی رات اسلام آباد ڈی چوک میں نواز حکومت نے ظلم کی نئی تاریخ رقم کی: خرم نواز گنڈاپور
عمران خان شریف برادران کے دور میں سیاسی کارکنوں کے خلاف درج ہونے والے جھوٹے مقدمات ختم کریں
ادارے انصاف دیں تو کسی کو سڑکوں پر احتجاج کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے، رہنما عوامی تحریک
لاہور (30 اگست 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان میں الفاظ کی حد تک جمہوریت ہے۔ انصاف مانگنے پر مظلوموں کو ریاستی اداروں کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے ہی ایک خونی ردعمل کا سامنا تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف مانگنے پر 30، 31 اگست کی رات اسلام آباد ڈی چوک میں کرنا پڑا۔ نواز شریف کی حکومت نے پرامن کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور گولیوں کی بوچھاڑکر دی۔ اس حکومتی بربریت کے نتیجے میں درجنوں کارکنان شدید زخمی ہوئے اور شہادتیں بھی ہوئیں۔ آج کے وزیراعظم عمران خان بھی اس احتجاج میں شریک تھے اور نواز شریف کے حکم پر جب گولیاں برسائی گئیں تو وہ بھی اس پرتشدد کارروائی کی زد میں تھے اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے ان کی حفاظت کی جس کا اعتراف انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا تھا اور شکریہ ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 17 جون 2014ء اور 30، 31 کی رات کے زخمی آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر کارکنوں پر ایکسپائرڈ آنسو گیس کے شیل برسائے گئے، سیدھی فائرنگ بھی کی گئی۔ درجنوں جھوٹی ایف آئی آرز درج کروائی گئیں جن میں نام نہاد پی ٹی وی حملہ کیس بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ٹولہ آج اپنے کرپشن کیسز سے بچنے کے لئے کارکنوں کو بغاوت پر اکسارہا ہے اور اداروں کو بدنام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان نے اشرافیہ کے ظلم اور بربریت کے خلاف جانی، مالی قربانیاں دیں۔ انہی قربانیوں کی وجہ سے نواز شریف اور اس کے حواری بے نقاب ہوئے اور آج دربدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو اتنا مضبوط اور فعال ہونا چاہیے کہ کوئی بھی حکومت انہیں انصاف سے محروم نہ رکھ سکے اور کسی کو انصاف کے لئے سڑکوں پر آ کر احتجاج نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 30، 31 کی رات مظلوموں کے انصاف کے لئے جانی، مالی قربانیاں دینے والے کارکنان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان سے کہتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں سیاسی کارکنان کے خلاف درج ہونے والے جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں۔
تبصرہ