پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر کا کراچی فیکٹری میں آتشزدگی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
افسوس ناک سانحے کی تحقیقات کے بعدحقا ئق منظر عام پر آنے چاہئیں: قاضی زاہد حسین
حکومت شہدا اور زخمیوں کے لواحقین کو مالی مدد دے: صدر پاکستان عوامی تحریک
لاہور (27 اگست 2021) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کراچی کورنگی میں کیمیکل فیکٹری میں آ تشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرنے والوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ صدر پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ آتشزدگی کے اس المناک سانحے اور اس مشکل وقت میں متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 سے زائد مزدوروں کی موت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر بے حد رنجیدہ ہیں۔ قاضی زاہد حسین نے پاکستان عوامی تحریک کراچی کے عہدیداران و کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ زخمیوں کی طبی امداد، خون کے عطیات میں مدد کریں۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ کراچی آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے المناک سانحات معمول بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک سانحے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، تحقیقات کے بعدحقائق منظر عام پر آنے چاہئیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے اور مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں شہدا اور زخمیوں کے لواحقین کیلئے مالی پیکج کا اعلان کرے۔
تبصرہ