فوری انصاف کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں ہوا: خرم نواز گنڈاپور
قومیں مہنگائی کے ساتھ جی لیتی ہیں مگر ناانصافی کے ساتھ نہیں
حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا بیان
لاہور (26 اگست 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قوم تحریک انصاف کی حکومت کی 3سالہ کارکردگی کو انصاف کے تناظر میں دیکھ رہی ہے۔ فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے قانونی پیچیدگیاں بدستور موجود ہیں۔ ماضی کی طرح موجودہ حکومت کے 3سالہ دور میں بھی ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا اور مظلوم مسلسل انصاف کے لئے دربدر ہیں۔
ریاست مدینہ میں قانون کی بالادستی اور انصاف کا بول بالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، ماضی میں اتنی رفتار کے ساتھ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا جتنا حالیہ تین برسوں میں ہوا تاہم مہنگائی میں کمی یا اضافہ سے قوموں کے وجود خطرے میں نہیں پڑتے لیکن انصاف کی عدم فراہمی سے قوموں کے وجود کے لئے سنگین خطرات جنم لیتے ہیں۔ قومیں مہنگائی کے ساتھ جی لیتی ہیں مگر ناانصافی کے ساتھ نہیں ۔حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا اور نظام انصاف میں جامع اصلاحات کا وعدہ کیا تھا۔ یہ وعدہ آج بھی عملدرآمد کا منتظر ہے۔
سپریم کورٹ، ہائیکورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس میں ہزاروں مقدمات التواء کا شکار ہیں۔ حکومت نے نظام انصاف میں اصلاحات کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں ہوا۔ ایف آئی آر کے اندراج،پولیس، تفتیش، پراسیکیوشن اور ٹرائل کے مروجہ نظام سے عوام مطمئن نہیں ہیں۔ نظام انصاف لاتعداد پیچیدگیوں کا شکار ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ متاثرین تو کیا خود ججز صاحبان بھی اس نظام انصاف میں بے بس ہیں۔ وہ ٹرائل کے حوالے سے پیچیدہ قوانین کو فالو کرنے پر مجبور ہیں اور وکلاء کیس کو لٹکانے کے لئے قانون کا سہارا لیتے ہیں اور انصاف کے عمل کو تاخیر کا شکار بناتے ہیں۔
حکومت کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ نظام انصاف کی اصلاح کرے مگر 3سال گزرنے کے بعد بھی ایسا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ججز کی تقرری سے لیکر شہریوں کو انصاف کی فراہمی تک ہر جگہ ابہام اور خلاء ہیں۔ انصاف کے لئے پیسہ پانی کی طرح بہانا پڑتا ہے اور پھر بھی انصاف نہیں ملتا۔
تبصرہ