مینار پاکستان پرخاتون سے دست درازی کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دی جائے: بشارت جسپال
لاہور (18 اگست 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ خاتون کی تضحیک کرنے والے بدکرداروں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ تمام چہرے ویڈیو میں دیکھے اور شناخت کئے جا سکتے ہیں۔ اسلام خواتین کے احترام کی تعلیم دیتا ہے اور آئین پاکستان میں خواتین کو تحفظ و احترام کی گارنٹی دی گئی ہے۔ خاتون کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے والے اور اس پر تشدد کرنے والے ننگ ملت اور ننگ دین ہیں۔ ان کے گھر والوں نے ان کی اچھی تربیت کی ہوتی تو اس حرکت کا ارتکاب نہ کرتے۔ حیرت ہے اس شرمناک واقعہ پر پولیس اور اقبال پارک کی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوٹس نہ لیتے تو پولیس نے اب بھی کچھ نہیں کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کی وجہ سے اسلام اور پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے۔
تبصرہ