آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے: قاضی زاہد حسین
بانی پاکستان کی 11اگست کی تقریر
پیغام دیتی ہے کہ ہم سب ایک قوم ہیں
پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام مذاہب کے لوگوں کی خدمات مثالی ہیں: صدر پی اے ٹی
لاہور (10 اگست 2021) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 11اگست 1947ء کی تقریر سے یہ پیغام ملتا ہے کہ ہم سب ایک قوم ہیں۔ خوشحال اور متحدہ پاکستان کے لئے جدوجہد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے رہنما ایک دوسرے کے درمیان رواداری و مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو پاکستان میں اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام مذاہب کے لوگوں کی خدمات مثالی ہیں۔
قاضی زاہد حسین نے مزید کہا کہ بانی پاکستان نے صرف 11 اگست کو ہی نہیں بلکہ اپنی بہت سی تقریروں میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بات کی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد بھی ایک ایسے پرامن اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے ہے جہاں ہر شہری کے حقوق محفوظ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آباد محب وطن اقلیتیں تعمیر وطن میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 11 اگست کی تقریر سے ہمیں یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ جب نئی ریاست کی تشکیل ہورہی تھی تو ریاست کے بانی کے ذہن میں اس عظیم ریاست کا نقشہ کیا تھا۔ وہ اسے کیسی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ بانی پاکستان نے اپنی 11 اگست کی تقریر میں پاکستانی ہونے پر زور دیا اور بتایا کہ اس ملک میں آباد تمام مذاہب کے لوگ اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لئے مکمل آزاد ہیں۔
تبصرہ