ادویات کی قیمتوں میں اضافہ افسوسناک ہے: خرم نواز گنڈاپور
غریب مریض اور بیمار پنشنرز علاج کیلئے کہاں جائیں؟ سیکرٹری جنرل
گزشتہ تین سالوں میں ادویات میں 118 فی صد تک اضافہ ہو چکا
فارما سوٹیکل کمپنیوں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کا آڈٹ کروایا جائے
فارما سوٹیکل کمپنیاں 2 سو سے 3 سو فی صد تک منافع کماتی ہیں
لاہور (6 اگست 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا سرکاری نوٹیفکیشن افسوسناک ہے۔ غریب مریض اور بیمار پنشنرز علاج کیلئے کہاں جائیں؟۔ گزشتہ تین سالوں میں ادویات میں 118 فی صد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومتیں مہنگائی کو کنٹرول کرتی ہیں اضافہ نہیں۔ وزیراعظم کہتے ہیں ہر ملک میں مہنگائی ہے لیکن ادویات کی قیمتیں انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، بھوٹان اور چین میں پاکستان کی نسبت کم ہیں، ادویات ساز کمپنیاں اپنی پروڈکٹس پر 2 سو سے 3 سو فیصد منافع کماتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دیگر ممالک کی مہنگائی کو پاکستان کے ساتھ نہ جوڑیں، پاکستان میں مصنوعی مہنگائی ہے جس کی بڑی وجہ حکومت کی کمزور رٹ ہے۔ حکومت نے سوچ سمجھ کر چینی کی فی کلو قیمت مقرر کی مگر سرکاری قیمت پر بیچنے کیلئے کوئی بھی تیار نہیں، اسی طرح آٹا، گھی، چکن، پھل اور سبزیوں کی حکومت جو قیمت مقرر کرتی ہے اس قیمت پر خریدار کو اشیاء نہیں ملتیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت غریب عوام کا خیال کرے۔ پاکستان میں کام کرنے والی فارما سوٹیکل کمپنیوں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کا آڈٹ کروایا جائے۔
تبصرہ