حکومت بدکاری کے اڈوں کے خلاف بےرحم ایکشن لے: عوامی تحریک
لاہور سے اغواء ہونے والی بچیوں کی بازیابی پر پولیس مبارکباد کی
مستحق ہے
بدکاری کے اڈے بند نہ ہوئے تو اخلاقی جرائم بڑھتے رہیں گے: میاں ریحان مقبول
لاہور (5 اگست 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ لاہور سے اغواء ہونے والی بچیوں کی بازیابی پر پولیس مبارکباد کی مستحق ہے۔ حکومت بدکاری کے اڈوں کے خلاف بے رحم ایکشن لے۔ جب تک یہ اڈے اور ان کے چلانے والے اوباش رہیں گے تو قوم کی بیٹیاں محفوظ نہیں رہیں گی اور اخلاقی جرائم بھی بڑھتے رہیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کے ماڈل پر چلانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے وہ دو ٹوک فیصلہ کریں کہ بدکاری کے اڈے اور جوا خانے کسی صورت نہیں چلنے دیں گے۔ جوا خانوں اور قحبہ خانوں کے خلاف ہر دور میں آپریشن کرنے کی بڑی بڑی خبریں چلوائی جاتی ہیں اور پھر یکا یک ان کا ذکر غائب ہو جاتا ہے۔ جوا خانوں اور قحبہ خانوں کے خاتمے کے لئے تمام ڈی پی اوز کو ہدایات دے دی جائیں کہ جس ضلع اور جس شہر میں برائی کے یہ اڈے نظر آئے تو اس ضلع کا ڈی پی او، ڈی ایس پی اور متعلقہ تھانہ کا ایس ایچ او نوکری پر نہیں رہے گا۔ اگر حکومت یہ فیصلہ کر لے تو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر برائی کے یہ مرکز صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برائی کے ان مراکز کے بارے میں بچہ بچہ جانتا ہے۔ پولیس اگر چاہے تو چوبیس گھنٹوں میں یہ جرم ختم ہو سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بچیاں اغواء ہوتی ہیں انہیں ان برائی کے مراکز تک پہنچایا جاتا ہے ایسے عناصر کے لئے سزائے موت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ یہاں پر قانون تو بنتے ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا۔ اب وقت آگیا ہے کہ جرم کے خاتمے کے لئے بےرحم ایکشن اور بلاتاخیر سزائیں دی جائیں۔
تبصرہ