عوامی تحریک کی جدوجہد خوشحال پاکستان کیلئے ہے: ریحان مقبول
کنٹونمنٹ بورڈزانتخابات میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں: صدر عوامی تحریک پنجاب
الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروائے، رہنما
لاہور (2 اگست 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان و عہدیدران کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلئے عوامی رابطہ مہم و تیاریوں میں تیزی لائیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے پاکستان عوامی تحریک کے خدمت انسانیت کے جذبے سے سرشار امیدوار نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ امیدواروں اور مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنما قاری مظہر فرید، عاصم گجر، اے کے کمیانہ، عوامی تحریک لاہور کے صدر سلطان محمود چودھری بھی موجود تھے۔
وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں ریحان مقبول نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کی مانیٹرنگ، عوامی رابطہ مہم و دیگر امور کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل دی گئی کمیٹیاں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، امیدواروں کو انتخابی مہم میں مدد سمیت ہر قسم کی بدنظمی پر بھی نظر رکھیں گی۔ تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کو ہفتہ وار رپورٹ پاکستان عوامی تحریک کی صوبائی تنظیم کو جمع کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ عوامی تحریک لاہور کے صدر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ عہدیداران و کارکنان کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوامی تحریک کے امیدواران کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابق بدعنوان حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے ہے یہ جدوجہد نظام کی تبدیلی تک جاری رہے گی۔
تبصرہ