مہنگائی کی وجہ سے حکومت کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے: خرم نواز گنڈاپور
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے غریب پریشان ہے
کورونا وائرس کے معاملے پر وفاق اور صوبوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، سیکرٹری جنرل
پی اے ٹی
لاہور (یکم اگست 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے حکومت کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے غریب پریشان ہے۔ بجلی، پٹرول، گیس کی قیمت ایک فی صد بڑھتی ہے تو اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بجلی پٹرول مہنگے ہوں گے تو پاکستان کی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ روکا جائے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مری میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے نام پر سیاست ہو رہی ہے یہ انسانی جانوں کے تحفظ کا معاملہ ہے، وفاق اور صوبے مل کر اس وباء کا مقابلہ کریں۔ حکومتیں گتھم گتھا ہوں گی تو عوام کبھی اس وباء کو سریس نہیں لینگے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 سال گزر گئے نوجوانوں کیلئے کوئی قابل ذکر پیکج نہیں آیا، بیروزگاری بڑھ رہی ہے اور بیروزگاری بڑھنے سے کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے والی پالیسیاں بنائے۔ انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سیاحت کے فروغ کی بات کرتے ہیں مگر تفریحی مقامات پر سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اگر اسی طرح بد انتظامی رہی اور سیر و تفریح کے لئے آنے والے سیاحوں کو سہولیات نہ دی گئیں تو پاکستان کے یہ جنت نظیر علاقے ویران ہو جائیں گے۔ ورکرز کنونشن سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ