پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا ہنگامی اجلاس
کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں رابطہ ووٹر مہم کیلئے ٹیموں کی تشکیل
لاہور، گوجرانولا، راولپنڈی، پشاور، ملتان میں امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
اجلاس سے میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود و دیگر رہنماؤں کا اظہار خیال
اجلاس میں امیدواروں اور پارلیمانی بورڈز کے ممبران نے بھی شرکت کی
عوامی تحریک کے امیدوار خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہیں: میاں ریحان مقبول
لاہور (31 جولائی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر تمام کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابی مہم اور رابطہ ووٹر مہم کیلئے عہدیداروں پر مشتمل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مخالفین کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، عوامی تحریک کے امیدوار عوامی خدمت کا سب سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔ ہم الیکشن لڑنے کے وقت عوامی خدمت گزار نہیں بنتے۔ عوامی تحریک کے کارکن اور امیدوار ہمہ وقت عوامی خدمت کیلئے برسر پیکار رہتے ہیں۔
سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار سیاسی کارکنان کیلئے عوامی تحریک بہترین پلیٹ فارم ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کے امیدوار لاہور، گوجرانوالا، راولپنڈی، پشاور، چکلالہ سمیت دیگر تمام کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ کارکنان کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں حصہ لینا فرسودہ اور ظالمانہ نظام کے خلاف جاری ہماری جدوجہد کا حصہ ہے۔ امیدواروں کے چناؤ و دیگر امور کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اور منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں امیدواروں اور پارلیمانی بورڈز کے ممبران نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ