آٹا، چینی مہنگا کرنے سے ملکی قرضے نہیں اتریں گے: عوامی تحریک پنجاب
یوٹیلٹی سٹوروں کو کمائی کا ذریعہ بنانے کی بجائے غریب کو ریلیف دیا جائے
مزدور سستی اشیائے خورونوش کیلئے کہاں جائیں؟میاں ریحان مقبول
لاہور (29 جولائی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، گھی مہنگے کرنے سے ملکی قرضے اتریں گے اور نہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے، یوٹیلٹی سٹورز کو کمائی کا ذریعہ بنانے کی بجائے غریب کو ریلیف دیا جائے۔ یوٹیلٹی سٹور غریب اور کم آمدنی والے شہریوں کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کرنے کے لئے قائم کئے گئے تھے۔ سنٹرل پنجاب کے صدر نے کہا کہ چینی کی قیمت میں 17 روپے، گھی کی قیمت میں 90 روپے، آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے اضافہ کر کے غریب سے جینے کی امید بھی چھین لی گئی۔ کم آمدنی والے شہری اب سستی اشیائے خورونوش خریدنے کہاں جائیں؟ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ وزیر اعظم ایک طرف احساس پروگرام کے تحت مہمان خانے بنا کر تاثر دے رہے ہیں کہ ان کے دل میں نادار اور مفلس شہریوں کا بڑا درد اور احساس ہے جبکہ دوسری طرف یوٹیلٹی سٹوروں کو سبسڈی سے محروم کر کے بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی اور گھی روز مرہ کے استعمال کی اشیاء ہیں حکومت انہیں سستا کرے تاکہ غریب جسم اور جان کا رشتہ قائم رکھ سکے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ وزیر اعظم یوٹیلٹی سٹوروں کو سستی چینی، آٹا اور گھی فراہم کرنے کی ہدایت دیں اور سب سڈی واپس لینے کا فیصلہ تبدیل کیا جائے۔
تبصرہ