بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر تشویش ہے: عوامی تحریک
ریحان اعجاز سے درندگی کا مرتکب ملزم گرفتار کیا جائے۔ میاں ریحان مقبول
عوامی تحریک احمد آباد کے صدر کی متاثرہ خاندان سے ملاقات، واقعہ پر اظہار افسوس
لاہور (27 جولائی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے منڈی احمد آباد ضلع اوکاڑہ میں 6 سالہ بچے ریحان اعجاز کو زیادتی کے بعد قتل کئے جانے کے اندوہناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درندہ صفت ملزم کسی رو رعائت کا مستحق نہیں ہے۔ مقامی پولیس ملزم کو گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام پیشہ وارانہ ٹیکنیکس اور وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوشربا اور سوسائٹی میں اخلاقی اقدار کی زبوں حالی کے آئینہ دار ہیں حکومت ان واقعات کو روکنے کیلئے اپنی انتظامی طاقت کو استعمال کرے، صرف نوٹس لینے اور تسلیاں دینے سے بات نہیں بنے گی، بچوں کے ساتھ بد اخلاقی کے ملزمان کو مہینوں یا ہفتوں میں نہیں دنوں اور گھنٹوں میں سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بد اخلاقی کے واقعات پہلے بڑے شہروں میں ہوتے تھے مگر اب چھوٹے شہروں اور قصبات میں بھی ہو رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح زینب زیادتی قتل کیس کے ملزم عمران تک پہنچنے کیلئے پولیس اور ایجنسیوں نے فرانزک ٹیسٹوں اور جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا تھا اسی طرح ریحان اعجاز کیس میں ملزم تک پہنچنے کیلئے جدید ذرائع اختیار کئے جائیں تاکہ اصل ملزم گرفتار اور عبرتناک انجام سے دوچار ہو سکے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ایسے واقعات میں پولیس سیاسی اور ذاتی دشمنیوں کی بنیاد پر بھی پکڑ دھکڑ کرتی اور بے گناہ شہریوں کی تذلیل کرتی ہے ایسا ہر گز نہیں ہونا چاہیے محض شک کی بنیاد پر کسی کی تذلیل کرنا بھی غیر قانونی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس ا مر کی اشد ضرورت ہے کہ والدین، اساتذہ، علمائے کرام نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کریں تاکہ سوسائٹی میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی کا سدباب ہو سکے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک منڈی احمد آباد کے صدر چوہدری مظہر نے مظلوم بچے کے والد سے ملاقات کی اور افسوسناک واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ درندہ صفت ملزم کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے متاثرہ خاندان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ سے معصوم بچوں کے والدین عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں لہذا ضروری ہے کہ ریحان اعجاز کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔
تبصرہ