سزا یافتہ مجرمہ کو ریاستی اداروں کی تضحیک کا حق کس نے دیا؟: میاں ریحان مقبول
ہم نے کارکنوں کی لاشیں اٹھائیں مگر کبھی ریاستی اداروں پر منفی تنقید نہیں کی
ن لیگ اپنی گندی سیاست کشمیر کی اجلی فضا میں لے گئی
پیمرا خاموش کیوں ہے، صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب کا ردعمل
لاہور (15 جولائی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ ایک سزا یافتہ مجرمہ کو ریاستی اداروں کی تضحیک کا حق کس نے دیا؟۔ شریف خاندان اپنی لوٹ مار کے ناقابل تردید ثبوتوں کی وجہ سے نشان عبرت بنا۔ ریاستی اداروں کی توہین محب وطن پاکستان کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اپنے کارکنوں کی لاشیں اٹھائیں، ہم اس قتل عام کا ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف کو سمجھتے ہیں، کبھی اس آڑ میں ریاستی کو ٹارگٹ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مجرمہ کھلے عام اداروں پر تنقید کررہی ہے۔ پیمرا اس پر خاموش کیوں ہے؟ لاقانونیت کو فروغ دینے والی اس کمپین کو بند ہونا چاہیے۔ مریم صفدر سزا یافتہ مجرمہ ہے۔ وہ جیل کی بجائے قوم سے خطاب کرتی پھرتی ہے۔ اسلام کے نام پر حاصل کرنے والے ملک کی ساکھ پر یہ خودکش حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار بھی کشمیر اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں مگر ہم مثبت پروگرام دے رہے ہیں۔ ن لیگ اپنی گندی سیاست کشمیر کی اجلی فضاؤں میں لے گئی ہے اور وہاں پر فکری آلودگی پھیلاکر ماحول کو خراب کررہی ہے۔
تبصرہ