سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
جسٹس محمد امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہیں
امید ہے چیف جسٹس فوری انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
ماڈل ٹاؤن کیس میں پولیس نے اس وقت کے حکمرانوں کے آلہ کار کا کردار ادا کیا
لاہور (6 جولائی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے جسٹس محمد امیر بھٹی کو بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اپنا شاندار قانونی پس منظر رکھنے کے ساتھ ساتھ نظام انصاف کی باریکیوں کو سمجھتے ہیں۔ پاکستان میں کمزور کے لیے اللہ کے بعد عدلیہ انصاف کی امید ہے۔ یہاں حکومت کے ماتحت ادارے ظلم کرتے ہیں۔ حکومت کے ماتحت ادارے انصاف کریں تو لوگ عدالتوں کا رخ کم سے کم کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس سابق حکمرانوں کے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں آلہ کار بنی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ماتحت ادارے اگر قانون و انصاف کے مطابق کا م کریں تو کوئی ان کا سیاسی استعمال نہیں کر سکتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد انصاف کا پہلا مرحلہ ایف آئی آر کے اندراج کا تھا، پولیس نے مظلوموں کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا، دوسرا مرحلہ غیر جانبدار تفتیش کا تھا مگر پولیس نے غیر جانبدار تفتیش کے حوالے سے اپنا قانونی کردار اداکرنے سے انکار کیا۔ تیسرا مرحلہ پراسیکیوشن کا تھا یہاں بھی مظلوموں کی بجائے ظالموں کی قانونی مدد کی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کے ساتھ ساتھ نظام انصاف میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ معزز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مارچ 2024ء تک اس عہدہ پر براجمان رہیں گے۔ عدالتی اصلاحات اور فوری انصاف کی فراہمی کے لے یہ مدت کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری درخواست اور اپیل ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی فائل منگوائیں اور سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں فوری فیصلہ کے لئے احکامات صادر فرمائیں۔
تبصرہ