گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ پہلی بار دیکھی: سلطان محمود چودھری
ایک کے بعد ایک بحران نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا: صدر عوامی تحریک لاہور
بجٹ کے بعد ریلیف کی بجائے تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے
تحریک انصاف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سمیت کوئی وعدہ پورا نہیں کیا
لاہور (یکم جولائی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ پہلی بار دیکھی اور سنی۔ ایک کے بعد ایک بحران نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا۔ کبھی بجلی کا بحران آتا ہے تو کبھی آٹے چینی کا، کبھی پٹرول کا بحران آتا ہے تو کبھی ٹماٹر پیاز اور چکن کا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد ریلیف کی توقع کی جارہی تھی مگر تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک تبدیلی لائے گی۔ یہ کارکنوں اور محب وطن پڑھے لکھے عوام کی جماعت ہے۔ ہمارا دعویٰ ہے جتنے پڑھے لکھے اور پروفیشنلز پاکستان عوامی تحریک کے پاس ہیں کسی اور جماعت کے پاس نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام بدلے گا تو چینی، آٹا، گیس، پٹرول مافیا سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 3 جولائی کے کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سمیت عوام سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔
تبصرہ