دہشتگردی میں ملوث بیرونی ہاتھ کو بے نقاب کیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اہم اجلاس 3جولائی 2021 ء کو ہو گا
لاہور (29 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہت بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ اب کسی کو پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے اور خطہ کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ جوہر ٹاؤن لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث بیرونی ہاتھ کو بے نقاب کیا جائے اور ثبوت عالمی سطح پر ہر متعلقہ فورم کو فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر اہم تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں حکومت اور اپوزیشن چور سپاہی والا کھیل کھیلنا بند کریں۔ پارلیمنٹ میں اہم ایشوز پر بحث کی جائے اور قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اہم اجلاس 3 جولائی 2021 ء بروز ہفتہ طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں آزاد جموں کشمیر کے انتخابات اور انٹراپارٹی الیکشن پر مشاورت ہو گی۔ اجلاس کی صدارت کنونیئر کور کمیٹی خرم نواز گنڈاپور کریں گے۔ اجلاس میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا و آزاد کشمیر کے ممبران کور کمیٹی شریک ہوں گے۔
تبصرہ