حکومت چاول کے کاشتکار اور ایکسپورٹرز کو سبسڈی دے: قاضی زاہد حسین
بھارت پاکستان کو چاول کی بین الاقوامی مارکیٹ سے آؤٹ کررہا ہے: عوامی تحریک
ایک سال کے اندر چاول کی ایکسپورٹ میں 14 فیصد کمی آئی: مرکزی صدر عوامی تحریک
لاہور (26 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو چاول کی بین الاقوامی مارکیٹ سے آؤٹ کرنے کے لئے بھارت بھاری رقوم خرچ کررہا ہے۔ حکومت متبادل حکمت عملی وضع کرے اور چاول کے کاشتکار اور ایکسپورٹرز کو سبسڈی دے۔ بصورت دیگر چاول کی مد میں حاصل ہونے والی زرمبادلہ کے بڑے حصے سے پاکستان محروم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا باسمتی چاول کوالٹی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ بھارت نے اپنے چاول کے کاشتکار اور ایکسپورٹرز کو سبسڈی دے کر پاکستان ایکسپورٹرز کے لئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔
اس وقت انڈین چاول پاکستانی چاول کی نسبت بین الاقوامی مارکیٹ میں سستا بک رہا ہے اور سستا ہونے کے باعث خریدار کا جھکاؤ انڈین چاول کی طرف بڑھ رہا ہے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستانی چاول کی ایکسپورٹ میں 14 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020ء میں پاکستان سے 3.87 ملین ٹن چاول ایکسپورٹ ہوا جو رواں سال کم ہو کر 3.3 ملین ٹن رہ گیا ہے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان میں چاول کی کاشت اور ایکسپورٹ کے مراحل میں جو اخراجات آتے ہیں وہ انڈیا کی نسبت زیادہ ہیں۔ حکومت پروڈکشن لاگت کم کرنے کے لئے بھی اقدامات کرے تاکہ پاکستان چاول کی بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا کاروباری مقام بحال رکھ سکے اور ملک زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کما سکے۔
تبصرہ