حکومت انصاف نہیں کر سکتی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا سیاسی استعمال بھی نہ کرے: خرم نواز گنڈاپور
شہدائے ماڈل ٹاؤن کی7 ویں برسی میں تحریک انصاف کے کسی عہدیدار
نے شرکت نہیں کی: سیکرٹری جنرل
عمران خان آج مظلوموں کے آنسو پونچھ سکتے ہیں وقت گزر گیا تو پھر ان کا کوئی بیان
ہمارے لیے قابل توجہ نہ ہوگا
لاہور (22 جون 2021 ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بعض وفاقی و صوبائی وزراء اسمبلی اور ٹاک شوز میں اپوزیشن کے سوالات کے جوابات نہ دے سکنے پر اپوزیشن کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا طعنہ دیتے اور اسے شریف برادران کا ظلم قرار دیتے ہیں بلاشبہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کی بدترین حکومتی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے تاہم تحریک انصاف کی حکومت میں بھی انصاف کی طرف کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ کل انسانی جانوں کا خون بہا آج انصاف کا خون بہہ رہا ہے۔ وزراء انصاف نہیں دلا سکتے تو پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا سیاسی استعمال بھی نہ کریں، ہم انصاف کی جنگ لڑنے کے لیے کافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کہتے ہیں کہ شریف برادران کے دور کی بیورو کریسی موجودہ حکومت کے لیے مسئلہ ہے اور کوئی کام نہیں ہونے دے رہی، انہوں نے کہا کہ یہ موقف عذر گناہ بدتر از گناہ ہے، موجودہ دور میں جتنے بھی افسران تعینات ہیں وہ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی مرضی سے لگے ہیں اگر وہ حکومت کی پالیسیوں کو فالو نہیں کر رہے تو انہیں تبدیل کرنے کا اختیار بھی حکومت کے پاس ہے بے اختیاری کا رونا رونا درست نہیں ہے اور نہ ہی اس منطق کو کوئی قبول کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیورو کریٹس حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے اور حکومت انہیں بدلنے سے قاصر ہے تو پھر وزراء اپنی پوزیشنز کو چھوڑ دیں، انہوں نے کہا کہ 17 جون کو شہدا کی 7ویں برسی منائی گئی، شہدا سے اظہارِ یکجہتی کے لئے تحریک انصاف کے عہدیداروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی مگر ان کا کوئی نمائندہ ورثاء سے اظہارِ یکجہتی کے لئے نہیں آیا، وزیراعظم عمران خان نے ورثاء کو انصاف دینے کے لیے ایک ٹویٹ کرنا بھی گوارہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا، قاتلوں کے دور اقتدار کا اختتام ہو گیا یہ دور بھی گزر جائے گا، عمران خان کے پاس آج مظلوموں کی آنکھوں کے آنسو پونچھنے کا اختیار ہے جب یہ وقت گزر گیا تو پھر ہمیں ان کی کسی تسلی اور بیان کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حصول انصاف کے لیے دن رات مظلوموں کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں اور انصاف ملنے تک ساتھ کھڑیں رہیں گے۔
تبصرہ