عوامی تحریک 17 جون کو لاہور سمیت 65 شہروں میں ریلیاں نکالے گی
قائد تحریک منہاج القرآن آڈیو لنک پر ریلیوں سے خطاب کریں گے
شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: خرم نواز گنڈاپور
لاہور میں پریس کلب کے باہر بڑی ریلی نکالے جائے گی: مرکزی سیکرٹری اطلاعات
کراچی، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، کوئٹہ، میر پور میں بھی ریلیاں نکالی جائیں
گی
لاہور (16 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7 ویں برسی کے موقع پر17 جون کو لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان، حیدر آباد، جیکب آباد، کوہاٹ، لکی مروت، مظفر آباد، میرپور، ایبٹ آباد سمیت 65شہروں میں پرامن ریلیاں نکالی جائیں گی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرنے کے ساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
لاہور میں بڑی ریلی لاہور پریس کلب کے سامنے نکالی جائے گی جس کی قیادت سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، لاہور کے قائدین سلطان محمود چودھری، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، نورین علوی اور فہنیقہ ندیم کریں گی۔ کراچی میں ریلی کی قیادت مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، اسلام آباد میں صوبائی صدر قاضی شفیق، ملتان میں نور احمد سہو، فیصل آباد میں بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول و دیگر قائدین قیادت کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے بتایا حصول انصاف کے لئے نکالی جانے والی ریلیوں میں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین، ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی سمیت انسانی حقوق اور صحافتی تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ریلی میں شرکت کے لئے لاہور بار کونسل کے عہدیداروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری آڈیو لنک پر ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ملا۔ جے آئی ٹی کو رپورٹ جاری کرنے سے روکا گیا ہے جس کی وجہ سے انصاف کا عمل التوء کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر احتجاج کا راستہ ترک کر کے پوری توجہ قانونی عمل پر مرکوز کی مگر پھر بھی انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کے اداروں اور مقتدر شخصیات کی یاددہانی اور حصول انصاف کے لئے 17 جون کو ملک گیر ریلیاں نکال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ ملک بھر میں نکالی جانے والی ریلیاں پرامن ہوں گی۔ کارکن انصاف نہ ملنے پر اپنی تشویش اور احتجاج ریکارڈ پر لارہے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے بتایا کہ 17 جون کو گجرات، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، نارروال، سیالکوٹ، مریدکے، سمندری، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، میاں چنوں، رحیم یار خان، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ، سرگودھا، اٹک، جہلم، چکوال، خوشاب، میانوالی، بھکر، سوہاوہ، پنڈدادنخان، دینہ، لاڑکانہ، گھوٹکی، ڈھرکی، نوشہرو فیروز، مورو، شہداد پور، ٹنڈوآدم، کھپرو، گھمبٹ، ڈوکری، ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، کوٹلی، بھبمر، سدھنوئی سمیت تحصیل اور ٹاؤن کی سطح پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔
تبصرہ