حکومت خدا کا خوف کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم کرے: عوامی تحریک
شدید گرمی اورلوڈشیڈنگ کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہو گیا
حکومت ا علانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فی الفور ختم کرے
عوام کو زر مبادلہ میں اضافہ کی خوشخبریاں نہیں بلاتعطل بجلی چاہیے: میاں ریحان مقبول
لاہور (10 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری و ممبر سنٹرل کور کمیٹی میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ عوام کو زر مبادلہ میں اضافہ کی خوشخبریاں نہیں بلاتعطل بجلی چاہیے۔ شدید گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ سکولوں میں بچے شدیدگرمی میں تڑپ رہے ہیں۔ حکومت خدا کا خوف کرے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں محدود ہونے سے بجلی کی بچت ہونی چاہیے تھی مگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بد سے بدترین ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ فرما رہے ہیں مظلوبہ بجلی موجود ہے، کمی کا سامنا نہیں ہے تو یہ بجلی کہاں پڑی ہے اور کس مقصد کیلئے بچا کر رکھی گئی ہے اگر لوڈشیڈنگ اسی طرح جاری رہی تو عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہونگے۔ حکومت اس بات کا بھی جائزہ لے کہ واپڈا میں کون لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو حکومت اور عوام کیلئے ہر روز مسائل کو جنم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، بلین ٹری منصوبے سے کوئی دلچسپی نہیں، شدید گرمی میں انکے لئے سانس لینا دو بھر ہے لہذا فی الفور اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔
تبصرہ