کینیڈا میں مسلم فیملی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے: خرم نواز گنڈاپور
کینیڈا کے وزیر اعظم نے مسلم کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کر کے ذمہ
دارانہ کردار ادا کیا
مذہب کی بنیاد پر کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جا سکتا: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (8 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کینیڈا میں مسلم فیملی کے ساتھ پیش آنے والے روح فرسا اور انسانیت سوز واقعہ پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امن عالم کیلئے اسلامو فوبیا کا سدباب ضروری ہے اور اس حوالے سے پوری دنیا کے حکمرانوں کواپنا پر امن کردار ادا کرنا ہو گا اور اس ایشو کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فام پر زیر بحث آنا چاہیے۔ کسی بھی شہری کو اسکے مذہبی نظریات کی بنیاد پر ٹارگٹ نہیں کیا جا سکتا اس انتہا پسندانہ رویہ سے امن عالم اور بین المذاہب رواداری کے ماحول کو نقصان پہنچے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم نے اس واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار کر کے اور مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا تاہم اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ دنیا بھر کی حکومتیں عوامی سطح پر مذہبی بنیادوں پر فروغ پذیر نفرت اور اشتعال انگیزی کو روکیں۔ اسلام پر امن دین اور ضابطہ حیات ہے جو ہر طبقہ فکر کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت اور تعلیم دیتا ہے۔ اسلام کا دہشتگردی اور انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسلام کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ بند ہونا چاہیے۔ مسلمان دنیا کے جس ملک میں بھی آباد ہیں وہ وہاں ایک قانون پسند اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مغربی ممالک اسلامو فوبیا کی روک تھام کیلئے اپنا قومی وبین الاقوامی کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ انفرادی سطح پر ہوا، اور یہ ایک فرد کا سنگین جرم ہے۔ کینیڈا کے وزیراعظم کی طرف سے اس رویے کو مسترد کئے جانے سے مسلم کمیونٹی کو اعتماد ملا اور ملزم کی فوری گرفتاری سے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ کسی جماعت، گروہ یا سرکاری یا غیرسرکاری سطح پر اس واقعہ کو قبول نہیں کیا گیا "کینیڈا کی حکومت کی طرف سے فوری قانونی اور سماجی ردعمل اور اقدامات سے ولن کی ہیرو بننے کی خواہش پوری نہیں ہو سکی"
تبصرہ