قانون کی حکمرانی، انصاف کی عدم فراہمی بڑے چیلنج ہیں: خرم نواز گنڈاپور
بیرسٹر علی ظفر کو قانون و انصاف کی سینیٹ کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں
امید ہے بیرسٹر علی ظفرقانون کی حکمرانی کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے
بیرسٹر علی ظفر نے ہمیشہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی بات کی، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (3 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سینئر وکیل سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ بیرسٹر علی ظفر قانون و انصاف کی دنیا کا ایک قابل نام ہے۔ ان کی چیئرمین شپ میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں سنجیدہ اور بامقصد قانونی مشاورت اور معاونت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قانون کی بالادستی اور انصاف کی عدم فراہمی بڑے چیلنج ہیں اور بیرسٹر علی ظفر موجودہ نظام انصاف کی خامیوں سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور ان کے حل کا ویژن بھی رکھتے ہیں۔ قوم امید رکھتی ہے کہ وہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا فعال پارلیمانی و قانونی کردار ادا کریں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بیرسٹر علی ظفر پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اندوہناک انسانی المیہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے بھی آگاہ ہیں اور ہمیشہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے لئے پرعزم رہے ہیں۔ امید ہے وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لئے سینیٹ جیسے برتر قانونی ادارے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
تبصرہ