عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کا ہنگامی اجلاس، پرویز اقبال گوندل ایڈووکیٹ کے گھر پر پولیس گردی کی شدید مذمت
دنیا کاکوئی قانون بھی چادر، چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دیتا: لہراسب گوندل ایڈووکیٹ
پنجاب حکومت افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرے: نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ
پولیس اہلکاران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے قرار واقعی سزا دی جائے: انوار اختر ایڈووکیٹ
آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں، عوامی لائرز موومنٹ
انوار اختر ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ کی اجلاس میں شرکت
لاہور (یکم جون 2021) عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی لائرز موومنٹ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس میں معروف قانون دان، سابق ممبر پنجاب بار کونسل، سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پرویز اقبال گوندل ایڈووکیٹ کے گھر پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی شدید مذمت کی گئی۔ عوامی لائزر موومنٹ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب نوٹس لیتے ہوئے پرویز اقبال گوندل ایڈووکیٹ کے گھر میں چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی کرنے والے اہلکاروں و ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے کہا کہ پرویز اقبال گوندل ایڈووکیٹ نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ عوامی لائزرز موومنٹ پاکستان اور پورے ملک کی وکلاء برادری کو کسی صورت بھی یہ قبول نہیں کسی بھی معزز شہری کے گھر کی چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون اس طرح کی بدسلوکی کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ کوئی قانون بھی چادر، چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیتا۔ اعلیٰ حکام اس بدسلوکی کا نوٹس لیں۔
سینئر نائب صدر عوامی لائرز موومنٹ نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر انوار اختر ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، امتیاز چوہدری ایڈووکیٹ، محبوب حسین چوہدری ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف آرگنائزر عوامی لائرز موومنٹ انوار اختر ایڈووکیٹ نے پنجا ب حکومت اورآئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ بے لگام پولیس اہلکاران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔
نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر افسوسناک واقعے کی تحقیقات کروا کے ملوث عناصر کو گرفتار کر کے حقائق منظر عام پر لائے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز اقبال گوندل ایڈووکیٹ کے گھر پر پولیس کے اس رویے نے گڈ گورننس اور امن و امان سے متعلق حکومتی بلند و بانگ کی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ ایک معروف قانون دان کے ساتھ اس طرح کے واقعہ کا پیش آنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔
تبصرہ