آزاد کشمیر کے الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں: خرم نواز گنڈاپور
بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور وسائل منتخب نمائندوں کو دیئے جائیں
سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی نمائندوں کو کام کرنے سے روکا گیا ہے
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی آزاد کشمیر سے ممبر کور کمیٹی سردار منصور خان سے گفتگو
لاہور (یکم جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، ووٹر کو ووٹ کے آئینی حق کے استعمال سے روکنا جمہوریت کی نفی ہے۔ پہلے بھی یہی ہوتا رہا افسوس اب بھی وہی کچھ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر سے پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبر سردار منصور خان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سردار منصور خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ریاستی قانون ساز اسمبلی میں بھرپور الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر نشست سے امیدوار کھڑے کریں گے۔ اس کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جس ملک میں ادارے مضبوط اور فنکشنل ہوتے ہیں وہاں انتخابی عمل جنگ ہو یا ایمرجنسی التواء کا شکار نہیں ہوتا مگر افسوس پاکستان میں بظاہر جمہوریت ہے مگر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں وہی فیصلہ مسلط کرتی ہیں جو ان کو سوٹ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سپریم کورٹ نے بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا حکم دے رکھا ہے مگر اس حکم کو تسلیم نہیں کیا جا رہا جو منتخب نمائندوں اور عدالتی فیصلے کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تکلیف دہ بات ہے کہ آج بھی ہزاروں بلدیاتی اداروں اور ان کے وسائل چند درجن پولیس افسر استعمال کررہے ہیں۔ فعال اداروں کو نہ کل برداشت کیا جاتا تھا نہ آج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھلے دل کے ساتھ اختیارات اور وسائل منتخب بلدیاتی نمائندوں کو تفویض کر کے اور آئینی مدت کی تکمیل پر انتخابات کروا کر اچھی جمہوری مثال قائم کرے۔ جمہوریت اعتراف اور برداشت کا نام ہے۔ انتظامی طاقت کے بے جا استعمال کا نام جمہوریت نہیں ہے۔
تبصرہ