بلوچستان میں ایف سی کے جوانوں پر حملہ قابل مذمت ہے: قاضی زاہد حسین
دہشت گردوں کے خلاف پوری ریاستی قوت استعمال کی جائے: ممبران کور کمیٹی عوامی تحریک
لاہور (یکم جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے بلوچستان زیارت میں ایف سی کے قافلے پر دہشت گردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے اس حملے میں 4 جوان شہید ہوئے اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔ ہم شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور قیام امن کے لئے دی جانیوالی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور نہ ہی امن اور انسانیت کے دشمن دہشت گرد پاکستان اور اس کے عوام کے حوصولوں کو کمزور کر سکیں گے۔ دہشت گردی کی اس واردات کے پیچھے غیر ملکی ہاتھ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شہداء کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پوری قوم شہداء کی فیملی کے ساتھ ہے۔
سنٹرل کور کمیٹی کے ممبرمیاں زاہد اسلام نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے ایف سی قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز اور عوام کے حوصلوں کو ان بزدلانہ کارروائیوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا، پہلے بھی پاکستان کے عوام اور جرأت مند فورسز کے جوانوں نے مل کر اس نوع کے بزدلانہ حملوں کو ناکام بنایا،آئندہ بھی یہ سازشیں ناکام ہوں گے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران قاضی شفیق، بشارت جسپال، نور احمد سہو، میاں ریحان مقبول،ابرار رضا ایڈووکیٹ اور راؤ کامران خان نے بلوچستان میں ایف سی کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کو نشان عبرت بنانے کے لئے پوری ریاستی قوت بروئے کار لائی جائے۔ پاکستان کے عوام ملک کی حفاظت کے لئے دن رات پرعزم اور مستعد جوانوں کی سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔ انشاء اللہ آخری فتح پاکستان اور اس کے عوام کی ہو گی۔
تبصرہ