پاکستان عوامی تحریک 25 مئی کو اپنا 32واں یوم تاسیس منائے گی
نظام کی تبدیلی کے بغیر حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی: قاضی زاہد حسین
عوامی تحریک نے نظام انتخاب کو بدلنے کا شعور اجاگر کیا: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان بھر میں 32ویں یوم تاسیس پر تنظیمات کیک کاٹیں گی: ترجمان
مرکزی سیکرٹریٹ میں ”نظام بدلو“ سیمینار منعقد کیا جائے گا: راجہ زاہد محمود، عارف چودھری
لاہور (24 مئی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک 25 مئی کو اپنا 32واں یوم تاسیس منائے گی۔ ملک بھر میں تنظیمات، کیک کاٹیں گی اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ کورونا وائرس کی وباء کے باعث بڑی تقریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نظام کو بدلنے کے لئے نہ صرف عوامی شعور اجاگر کیا بلکہ عملی جدوجہد بھی کی۔ آج تمام سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتیں اور تحریکیں نظام بدلنے کا مطالبہ کررہی ہیں، حقیقی جمہوریت کی راہ میں یہ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی انتخابی نظام حائل ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک نے اس ظالم اور فرسودہ نظام کو بدلنے کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں لاشیں اٹھائیں۔ انقلاب مارچ کے دوران کارکنوں نے اسلام آباد میں اس نظام کی محافظ سٹیٹس کو کی محافظ جماعتوں کے جبر و تشدد اور جعلی مقدمات کا سامنا کیا۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جنوری 2013ء میں پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے بڑے لانگ مارچ کے ذریعے قوم اور سیاسی کارکنوں کو شعور دیا کہ ملک کے حالات بدلنے ہیں تو ظلم اور کرپشن پر مبنی نظام بدلنا ہو گا۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ آج ہر جماعت اور اس کا سربراہ کہہ رہا ہے کہ نظام بدلو مگر پارلیمنٹ کے اندر اس نظام کو سپورٹ کیا جاتا ہے۔ پارلیمانی جماعتوں کی منافقت کی وجہ سے یہ لوٹ، کھسوٹ کا نظام ملک و قوم کی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے۔
مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا کہ ہماری جدوجہد اس ظالم نظام کے خلاف ہے، اس نظام نے صرف کرپشن کا نظام دیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے بتایا کہ 25 مئی کو مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم تاسیس کی مناسبت سے نظام بدلو سیمینار ہو گا اور ملک بھر کی تنظیمات یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک کاٹیں گی اور عوامی تحریک کے دفاتر میں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
تبصرہ