اسلامی دنیا غزہ کی تعمیر نو کیلئے آگے آئے: خرم نواز گنڈاپور
اسلامی دنیا کے حکمران فوجیں نہیں بھیج سکتے تو کم از کم مالی مدد تو کرسکتے ہیں
اسرائیل کی جارحیت پر دنیا بھر کے عوام کی طرف سے ردعمل آیا
پاکستان کے عوام فلسطین کے عوام کے دکھ کو محسوس کرتے ہیں: سیکرٹری جنرل
لاہور (22 مئی 2021 ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا غزہ کی تعمیر نو کے لیے آگے آئے، فلسطین کے عوام کی مدد کے لیے فوجیں نہیں بھیج سکتے تو کم از کم مالی امداد تو بھیج سکتے ہیں، غزہ کی تعمیر نو اس وقت بڑا چیلنج ہے لہٰذا ہر مسلمان شہری فلسطین کے عوام کی مدد کرے اور حکومت مدد کافول پروف لائحہ عمل دے انفرادی طور پر فنڈ ریزنگ کی ممانعت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہت بہتر ہوگا فنڈ ریزنگ مہم او آئی سی کے پلیٹ فارم سے شروع کی جائے اور وہی اس کی نگرانی کرے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ او آئی سی اقوام متحدہ سے امدادی کارروائیوں اور امداد بھیجنے کے لئے تحفظ اور محفوظ راستہ دینے کا مطالبہ اور گارنٹی مانگے۔ اسرائیل مدد کرنے والوں کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام کو دنیا سے کاٹا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ غزہ کی تعمیر نو فلسطین کے عوام مدد کی مہم چلائیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے عوام فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ کو محسوس کرتے ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے پاکستان عوامی تحریک کی ملک بھر کی تنظیمات و کارکنان کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نکالی جانے والی ریلیوں میں شرکت پر کارکنان کے جذبات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطین میں بے گناہوں کا خون بہنے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور فلسطین کے پرامن عوام کو ان کا حق دلانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام اب تنہا نہیں ہیں اسرائیل کے حالیہ حملوں پر دنیا کے ہر ملک کے عوام کی طرف سے شدید ردعمل آیا ہے جو فلسطین کے عوام کی ایک بڑی اخلاقی فتح ہے۔
تبصرہ