فلسطین کے مسلمان ہمارے جسم کا حصہ ہیں: قاضی زاہد حسین
اقوام متحدہ غزہ میں نقصانات کے ازالہ کیلئے اقدامات کرے
عوامی تحریک اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے: مرکزی صدر پی اے ٹی
لاہور (21 مئی 2021) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے ملک بھر کے کارکنان اپنے فلسطین کے بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اور ان کے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں۔ مرکزی صدر نے کہا کہ آج خیبر تا کراچی عوامی تحریک کے کارکنان اور تنظیمات نے اظہار یکجہتی کر کے پیغام دیا کہ فلسطین کے مسلمان ہمارے جسم کا حصہ ہیں اور ہم ان کی تکلیف کو محسوس کر رہے ہیں۔ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت نے امت مسلمہ کے زخموں پر مزید نمک چھڑک دیا ہے۔ مسلم دنیا کے 56 ممالک، او آئی سی، عرب لیگ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطین میں مستقل امن کے قیام کیلئے کردار ادا کریں۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ اسرائیلی فورسز فلسطین کے نہتے عوام اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کی مرتکب ہوئی ہیں۔ فلسطین میں بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینی مسلمانوں کی شہادت اور بیت المقدس کے تقدس کی پامالی پر ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے دل زخمی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں نقصانات کے ازالہ اور متاثرین کی بحالی، زخمیوں کے علاج کیلئے اقدامات کرے، تمام بند راستے کھولے جائیں اور اقوام متحدہ کے ممبر ممالک کو بلاروک ٹوک امدادی کاررائیوں کی اجازت دی جائے اور انسانی بہبود کیلئے فوری امداد کی فراہمی کیلئے راستوں کو کھولنے اور محفوظ بنانے کی اقوام متحدہ گارنٹی دے۔ قاضی زاہد حسین نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین پر ایک لفظ بولنے سے بھی قاصر ہے جس سے بہت مایوسی ہوئی۔
تبصرہ