عوامی تحریک ملک بھر کے عظیم محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہے
مزدور ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں: خرم نوازگنڈاپور
مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والے سرکاری اعلانات پر عمل نہیں ہوتا
جہاں مزدور کا استحصال ہو گا وہاں خوشحالی نہیں آئے گی: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (30 اپریل 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز نے کہا ہے کہ مزدور اللہ کا دوست اور ترقی و استحکام کی ضمانت ہے جس ملک اور معاشرے میں مزدور کا استحصال ہو گا وہاں کبھی امن، خیر و برکت اور خوشحالی نہیں آئے گی۔ انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم مئی کی مناسبت سے منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں حکومتیں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی کرنے اور ان کی ماہانہ اجرت بڑھانے کا کریڈیٹ لیتی ہیں مگر عملاً ان اعلانات پر عملدرآمد نہیں ہوتا اور حکومت کا کردار فقط ایک تماشائی کا ہوتا ہے۔ نجی شعبہ مزدوروں کا سب سے زیادہ استحصال کرتا ہے اور یہ سب کچھ متعلقہ سرکاری اداروں کی ناک کے نیچے ہورہا ہے مگر سرکاری ادارے مزدوروں کی بجائے ”سیٹھوں“ اور سرمایہ داروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر مزدوروں کا استحصال بند کرنا ہو گا اور انہیں عزت دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر عوامی تحریک عظیم محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ مزدور پاکستان کا فخر اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔
تبصرہ