50 فی صد سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے ہے: خرم نواز گنڈاپور
مصنوعی مہنگائی کرنے والے انسانیت کو قتل کرنے جیسے جرم کے مرتکب
ہو رہے ہیں
حکومت کے مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے: سیکرٹری جنرل پی
اے ٹی
لاہور (22 اپریل 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت کے مہنگائی کنٹرول کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ پاکستان میں 50 فی صد سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے ہے اور غریب عوام مطلوبہ غذا اور غذائیت سے محروم ہیں۔ ناجائز منافع کیلئے مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے انسانیت کو قتل کرنے جیسے جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ناجائز منافع خور اللہ کو راضی کرنے کے مہینے میں ناجائز منافع کما کر اللہ کی ناراضگی کا سبب نہ بنیں۔حکومت نے مہنگائی کی روک تھام کیلئے جو دعوے کئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مشاورتی کونسل کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سدرہ کرامت، قاضی فیض الاسلام، عبد الستار منہاجین، احسن ارشاد، عادل ظہیر، سعید شاہ، محمد ثناء اللہ، شہباز طاہر و دیگر رہنما شریک تھے۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ احتیاط ہی بہترین علاج ہے عوام کو اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب ا لعزت سے دعا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے جلد سے جلد نجات دے۔
تبصرہ