سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف عدلیہ کی ذمہ داری ہے: راجہ زاہد محمود
نواز شہباز دور حکومت میں قائدین اور کارکنان پر جھوٹے مقدمات درج
کئے گئے
لٹیروں کے دور حکومت میں درج ہونیوالے مقدمات ختم کئے جائیں: نائب صدر پی اے ٹی
سرمایہ دارانہ عوام دشمن سیاسی نظام تمام سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کا سبب ہے:
عارف چوہدری
کرپٹ، ظالمانہ نظام بدلے گا توانصاف، تعلیم، روزگار قوم کو دہلیز پر ملے گا: قاضی شفیق
پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے عہدیداران سے ملاقات
میں گفتگو
لاہور (یکم اپریل 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ نواز، شہباز کے دور حکومت میں عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنان پر جھوٹے مقدمات درج ہوئے یہ تمام انتقامی بنیادوں پر قائم ہونیوالے مقدمات ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجوہ فرسودہ سیاسی نظام بدلے گا تو حقیقی تبدیلی اورملک میں ترقی و خوشحالی کا دور آئے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ صرف چہرے بدلنے کی بجائے نظام بدلا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد انتخابی نظام کو شفاف بنانے کیلئے ہے۔ موجودہ نظام انتخاب سے کبھی تبدیلی اور خوشحالی نہیں آ سکتی۔ ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن موجودہ کرپٹ نظام انتخاب ہے۔ اس نظام میں سرمایہ دار، جاگیر دار کرپٹ سیاستدانوں اور کرپٹ بیورو کریٹس ملک و قوم کو لوٹتے ہیں۔ یہ لٹیرے حکومت میں شامل ہو کر یا حکمرانوں سے ملی بھگت کر کے قومی دولت لوٹتے ہیں جبکہ عوام کا کردار خاموش تماشائی کے سوا کچھ نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کنونیئر پاکستان عوامی تحریک کور کمیٹی عارف چوہدری، صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق الرحمان، سینئر نائب صدر شمالی پنجاب ملک طاہر محمود، جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخواہ خالد درانی، صدر پاکستان عوامی تحریک پشاور جمشید علی خان، صدر پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد ابرار رضا ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ راجہ زاہد محمود نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل پورے ملک میں جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔
ڈپٹی کنونیئر پاکستان عوامی تحریک کور کمیٹی عارف چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرمایہ دارانہ اور جاگیر دارانہ استحصالی سیاسی نظام ہی تمام سیاسی،معاشی اور سماجی مسائل کا سبب ہے۔اس عوام دشمن نظام کی بنیاد ہی ظلم، نا انصافی اور کرپشن پر قائم ہے۔ یہ نظام ناکارہ، ناکام اور فرسودہ ہو چکا ہے۔ اس نظام کی بنیاد پر کبھی عوامی خدمت کرنے والی حکومت قائم ہو ہی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں ملکی ادارے کمزور اور افراد طاقتور ہو جاتے ہیں۔ ملک میں خوشحالی تب آئے گی جب کرپٹ، ظالمانہ نظام بدلے گا، انصاف، تعلیم، روزگار قوم کو دہلیز پر ملے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کسی جماعت کی مخالف نہیں بلکہ کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے جو اس ملک کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق نے کہا کہ انصاف ناپید ہے، طاقتور مجرموں کو آزادی حاصل ہے وہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ غریب جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ عوام دشمن نظام کی وجہ سے امیر اور غریب کیلئے قانون الگ الگ ہیں۔
تبصرہ