سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 7 سال سے انصاف سے محروم ہیں: خرم نواز گنڈاپور
کیا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف کیلئے یوم حشر کا انتظار کرنا ہو گا؟ بسمہ امجد
سزا یافتہ عناصر کو گھنٹوں میں ریلیف مل گیا، مظلوم انصاف سے محروم کیوں؟
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دیا جائے: بسمہ امجد کی اپیل
ایسا نظام انصاف چاہتے ہیں جس میں مظلوم کو انصاف کیلئے ایڑھیاں نہ رگڑنی پڑیں
لاہور (24 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے ملاقات کی اور کہا کہ کیا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے مظلوموں کو یوم حشر کا انتظار کرنا ہو گا؟ ہم انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے لے کر سپریم کورٹ تک انصاف مانگ رہے ہیں مگر ہماری آواز نہیں سنی جا رہی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے ہمیں ہدایت کی تھی کہ اپنی توجہ قانونی چارہ جوئی پر مرکوز رکھیں، انصاف ہو گا۔ ہم سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے حکم کی روشنی میں ساری توجہ قانونی چارہ جوئی پر مرکوز کئے ہوئے ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 7 سال سے انصاف اور غیر جانبدار تفتیش کے حق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب قتل جیسے سنگین جرم کے مجرم دندناتے پھریں اور جن کے گھروں سے ان کے پیاروں کی لاشیں اٹھتی ہیں وہ انصاف کے لئے دربدر ہوں تو پھر نفرت، مایوسی اور عدم تحفظ جنم لیتا ہے۔ جو برق رفتار انصاف طاقتوروں کے لئے ہے انصاف کا وہی پیمانہ کمزور کے لئے کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ طاقتور اشرافیہ عدالتوں کو دھمکیاں بھی دیتی ہے، ججز کو برا بھلا بھی کہتی ہے، ان پر ہر طرح کی الزام تراشی بھی کرتی ہے اس کے باوجود انہیں ریلیف ملتے ہیں۔ ہم سات سال سے ایک عدالت سے دوسری عدالت کا سفر کر رہے ہیں مگر انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کا کیس لاہور ہائیکورٹ میں دو سال سے زیرسماعت ہے، بنچ بن رہے ہیں اور بنچ ٹوٹ رہے ہیں مگر فیصلہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ دو بار ہدایات دے چکی ہے کہ جے آئی ٹی کے حوالے سے زیرسماعت اپیلیں تین ماہ کے اندر نمٹائی جائیں، ان ہدایات کو بھی سال گزر گئے۔
بسمہ امجد نے کہا کہ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ملی تھی اور انہوں نے سر پر ہاتھ رکھ کر انصاف کا یقین دلایا تھا، ادارے کے سربراہ کی کمٹمنٹ پورے ادارے کی کمٹمنٹ ہوتی ہے مگر تاحال انصاف نہیں ملا۔ انصاف تو کیا ملنا تھا غیر جانبدار تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کو ملزموں کی درخواست پر کام کرنے سے روک دیا گیا اور اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہو رہا۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ایسا نظام انصاف چاہتی ہے جس میں مظلوم کو انصاف کے لئے ایڑھیاں نہ رگڑنی پڑیں اور قانون چہرے دیکھے بغیر اپنا راستہ بنائے۔
تبصرہ