نیکٹا نفرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کرے: میاں ریحان مقبول
نواز شریف اسلام، پاکستان کی آئیڈیالوجی کے خلاف سوشل میڈیا کا منفی استعمال کررہے ہیں
عوامی تحریک کے نظریاتی کارکن ففتھ جنریشن وار کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے، اجلاس میں گفتگو
پی اے ٹی پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ آواز ہے، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود
عوامی تحریک اسلام اور نظریہ پاکستان کی محافظ جماعت ہے، رہنما
لاہور (19 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست کو کرپٹ کرنے کے بعد اب اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی کے خلاف سوشل میڈیا کا منفی استعمال کر رہے ہیں اور مذموم مقاصد کے لئے پیسہ پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے نظریاتی کارکن اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار اور نظریات کی روشنی میں ففتھ جنریشن وار کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے اور کسی کرپٹ، قاتل، ابن الوقت اور مفرور کو عوام اور پاکستان کے مفاد سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ عوامی تحریک اسلام اور نظریہ پاکستان کی محافظ سیاسی جماعت ہے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ نواز شریف اگر بے قصور ہوتے تو کبھی ملک چھوڑ کر نہ بھاگتے، جب بھی احتساب کا شکنجہ ان کی گردن میں آتا ہے یہ ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے محسن آصف علی زرداری کے مشورے پر عمل کریں اور پاکستان آئیں، الزامات کا سامنا کریں۔
اجلاس میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سپریم کونسل کے ممبر میاں مرتضیٰ مرتضائی، راجہ ندیم اور کارکنان موجود تھے۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ عوام کی نظریں نیب اور احتساب عدالت پر ہیں، قومی لٹیروں سے لوٹی گئی پائی پائی وصول کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کا دامن کرپشن، قتل و غارت گری اور سازشوں کے داغوں سے بھرا ہوا ہے، ادارے خاموش کیوں ہیں؟
راجہ زاہد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو گراس روٹ پر ری آرگنائز کیا جا رہا ہے۔ عوامی تحریک پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ اور نظام کی تبدیلی کی سب سے مضبوط اور مخلص آواز ہے۔
تبصرہ