سیاسی مخالفین کو قتل کروانے کی سیاست نواز، شہباز نے شروع کی: عوامی تحریک
ایک جوتے پر شور مچانے والوں نے ماڈل ٹاؤن میں 14 شہری قتل کروائے
عمران خان سانحہ کے ماسٹر مائنڈ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، مشتاق سکھیرا کی گرفتاری کا حکم دیں
سیاست کو گالی، تشدد اور جوتا کلچر سے پاک ہونا چاہئے: راجہ زاہد محمود و دیگر
لاہور (6 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری اور میاں عبدالقادر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو قتل کروانے اور ان کے غیر اخلاقی میڈیا ٹرائل کے منفی سیاسی کلچر کی بنیاد نواز شریف اور شہباز شریف نے رکھی، ایک جوتے پر شور مچانے والوں نے 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن لاہور میں 14 شہری قتل کروائے اور مظلوموں کی ایف آئی آر بھی درج کرنے سے انکار کر دیا، راہنماؤں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار اس وقت کی پنجاب حکومت کو ٹھہرایا مگر کارروائی کرنے کی بجائے قاتل اعلیٰ نے رپورٹ غائب کروا دی۔ راہنماؤں نے کہا کہ سیاسی لڑائی سیاسی انداز میں لڑی جانی چاہئے سیاست کو گالی، تشدد اور جوتا کلچر سے پاک ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور مریم صفدر کا کوئی پارلیمانی مستقبل نہیں ہے دونوں اشتعال انگیزی کر رہے ہیں اور خون خرابہ چاہتے ہیں ایک سزا یافتہ مجرمہ کس حیثیت میں ٹی وی پر آتی اور خطاب کرتی ہے۔
تبصرہ